کھیل August 2, 2025 Shahbaz Sayed

🇵🇰 اسپورٹس ڈپلومیسی میں پاکستان کی بڑی فتح! بھارت کو ہرا کر ایشین باکسنگ بورڈ میں نمائندگی حاصل

پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں بھارت کے خلاف ایک اہم سفارتی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ایشین باکسنگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخاب میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر رکنیت حاصل کر لی۔

تھائی لینڈ میں ہونے والے ایشین باکسنگ کانگریس اجلاس میں پاکستان کے خالد محمود نے بھارت کے امیدوار اجے سنگھ کو 9 کے مقابلے میں 18 ووٹوں سے شکست دی۔ یہ انتخاب نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ بین الاقوامی کھیلوں میں اس کی بڑھتی ہوئی حیثیت کا بھی ثبوت ہے۔

خالد محمود، جو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ہیں، ان کے انتخاب کو خطے میں کھیلوں کے ذریعے تعاون بڑھانے کی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر، لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر ٹنگ نے اس کامیابی کو “پاکستان کے مثبت امیج اور اسپورٹس ڈپلومیسی کی جیت” قرار دیا اور کہا کہ بھارت کے خلاف یہ فتح ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کھیلوں میں بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط مقام حاصل کر رہا ہے۔