سیاست July 19, 2025 Shahbaz Sayed

یومِ الحاقِ کشمیر: کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ الحاقِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی فوج کے مظالم کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو توڑنے میں ناکام رہے ہیں، اور آج تیسری نسل بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے ویسے ہی پُرعزم ہے جیسے ان کے آبا و اجداد تھے۔

وزیراعظم نے یاد دلایا کہ 19 جولائی 1947 کو آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی گئی، جس کی یاد میں ہر سال یوم الحاقِ کشمیر منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1947 سے شروع ہونے والی جدوجہد آج بھی جاری ہے، اور کشمیری عوام نے جس قربانی، صبر اور استقامت سے بھارتی تسلط کا مقابلہ کیا ہے، وہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھے جانے کے قابل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 10 لاکھ بھارتی فوج کے جبر اور مظالم بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہ دبا سکے، بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کے جذبے میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد ان کے جذبہ حب الوطنی اور آزادی کے لیے غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہے، اور یہ صرف ایک تحریک نہیں بلکہ ایک قوم کی خودداری اور شناخت کی جنگ ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقے سے ہونا چاہیے، تاکہ نہ صرف کشمیری عوام کو انصاف ملے بلکہ خطے میں پائیدار امن کا بھی راستہ کھلے۔

آخر میں انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومتِ پاکستان اور عوام، کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔