ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کے خصوصی حکم پر پانچ صوبائی سیکریٹریز گجرات میں موجود ہیں جو سیلابی صورتحال کنٹرول میں آنے تک براہِ راست آپریشن کی نگرانی کریں گے۔
لاہور سمیت مختلف شہروں سے سینکڑوں واٹر پمپ، ایکسویٹرز، جنریٹرز، واٹر باؤزرز اور ایندھن سمیت ضروری سامان گجرات منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ 83 ٹیکنیکل اسٹاف کی ہنگامی تعیناتی بھی کر دی گئی ہے تاکہ نکاسی آب کے عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق لورین کے مقام سے شہر میں داخل ہونے والے سیلابی پانی کا بہاؤ بھمبر کی طرف قدرتی راستوں سے تیز ہو رہا ہے۔ پانی کا رخ موڑنے کے لیے نالہ کھودنے اور پانچ پمپ نصب کرنے کا کام جاری ہے جبکہ ہلسی نالے کی گنجائش بڑھانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کا دباؤ کم ہو۔
مزید برآں، 21 ارب روپے کے نکاسی آب منصوبے پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت گجرات میں جدید سیوریج اور نکاسی آب کا نظام بنایا جائے گا، جس میں سیلابی نالوں کا مکمل اور سائنسی ڈیزائن شدہ انفراسٹرکچر شامل ہوگا۔