“کرتارپور: اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا دورہ، بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال قرار”

لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، اقوام متحدہ کے بھارت و پاکستان کے درمیان تعینات فوجی مبصرین کے ایک وفد نے گردوارہ سری دربار صاحب کرتارپور کا دورہ کیا۔
وفد نے کرتارپور کو دنیا بھر میں امن، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین علامت قرار دیا۔
اقوام متحدہ کے وفد میں میجر جوناتھن اسٹوپانی (سوئٹزرلینڈ)، میجر میرلا یاپرنین (کروشیا)، فلائٹ لیفٹیننٹ کنو کوان لممانگکن (تھائی لینڈ) اور کیپٹن مارکو اسٹجیپانووچ شامل تھے۔
گردوارہ دربار صاحب کی پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) انتظامیہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اس مقدس مقام کی تاریخی اہمیت، موجودہ حالات اور بین المذاہب ہم آہنگی میں اس کی نمایاں حیثیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وفد کو گردوارہ صاحب کے گرنتھی کی جانب سے سرورپا (اعزازی چادر) اور یادگاری تحائف بھی پیش کیے گئے۔
اقوام متحدہ کے مبصرین نے کہا کہ یہاں نہ صرف ہمسایہ ملک بھارت سے بلکہ دنیا بھر سے عقیدت مند حاضر ہوتے ہیں، یہ مقام محبت، رواداری اور دعا کی علامت بن چکا ہے۔
انہوں نے پی ایم یو کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اس تجربے کو یادگار قرار دیا۔