پاکستان July 30, 2025 Shahbaz Sayed

کراچی: گھگھر پھاٹک کے قریب لرزہ خیز تہرے قتل کی واردات — میاں، بیوی اور کمسن بیٹا بے دردی سے قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود میں گھگھر پھاٹک بمبو گوٹھ کے قریب ایک گھر سے میاں، بیوی اور 6 سالہ بچے کی خون میں لت پت لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں بے دردی سے کلہاڑی کے واروں سے قتل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ علاقہ مکین بھی بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے، اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مقتولین کا تعلق بلوچستان سے، 8 ماہ سے علاقے میں مقیم تھے

مقتولین کی شناخت 45 سالہ عبدالمجید، اس کی بیوی 40 سالہ سکینہ اور 6 سالہ بیٹے عبدالنبی کے نام سے ہوئی ہے۔
ان کا آبائی تعلق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ سے تھا اور وہ گزشتہ 8 ماہ سے اسی علاقے میں مقیم تھے۔ عبدالمجید محنت مزدوری کرتا تھا۔

پسند کی شادی، خاندانی رنجش اور بہیمانہ انجام

ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن اسلم بلوچ کے مطابق، ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ واردات پسند کی شادی کے نتیجے میں پیش آئی۔
مقتول میاں بیوی نے تقریباً 7 سے 8 سال قبل اپنی مرضی سے شادی کی تھی، جس پر مقتولہ کے خاندان کو اعتراض تھا۔

افسوسناک طور پر سکینہ کے بھائی نے ہی مبینہ طور پر واردات کے بعد مقتول عبدالمجید کے بھائی کو فون کرکے اعتراف کیا کہ:

“ہم نے میاں، بیوی اور بچے کو قتل کر دیا ہے، آ کر لاشیں لے جاؤ اور تدفین کر دو۔”

کلہاڑیاں بطور آلہ قتل، شواہد اکٹھے، ملزمان کی گرفتاری کا عمل جاری

پولیس کو جائے وقوع سے دو کلہاڑیاں بطور آلہ قتل اور دیگر شواہد بھی ملے ہیں۔ تہرے قتل کی مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری انکوائری کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ:

“قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے رپورٹ پیش کی جائے، اور واردات کی ہر پہلو سے تفتیش کی جائے۔”