صحت July 27, 2025 Shahbaz Sayed

کراچی میں ڈینگی سے خاتون کا انتقال، محکمہ صحت کی تصدیق

ڈینگی بخار کی شدت نے کراچی میں ایک اور جان لے لی ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کی ہے کہ 48 سالہ خاتون، جو کراچی کے ایسٹ ڈسٹرکٹ کی رہائشی تھیں، ڈینگی وائرس کے باعث انتقال کر گئیں۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کو 23 جولائی 2025 کو بخار اور جسم میں ورم کی علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد ان کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ خاتون پہلے ہی ذیابیطس اور پیشاب کی نالی کے انفیکشن میں مبتلا تھیں، جس کے باعث ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور جانبر نہ ہو سکیں۔

محکمہ صحت کے مطابق اس وقت صوبہ سندھ میں مجموعی طور پر 345 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 260 سے زائد صرف کراچی میں سامنے آئے ہیں، جو صوبے کا سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ بن چکا ہے۔

ڈینگی کیسز میں اضافے نے شہریوں اور طبی ماہرین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اور ماہرین احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کی اپیل کر رہے ہیں۔