کاروباری برادری کی حکومت سے شرح سود میں کمی اور معاشی اصلاحات میں تیزی کا مطالبہ

اسلام آباد: سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی قیادت میں کاروباری رہنماؤں کے وفد نے اہم ملاقات میں حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے شرح سود میں کمی، کاروباری آسانیوں اور معاشی اصلاحات کے فوری نفاذ پر زور دیا ہے۔
ملاقات میں معروف کاروباری تنظیم آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے چیئرمین کامران ارشد، ایس ایم تنویر، ایف پی سی سی آئی اور لاہور چیمبر آف کامرس کے صدور سمیت متعدد اہم کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔
گوہر اعجاز نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے، تاہم معیشت کی بہتری کے لیے مزید آسانیاں فراہم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے لیے حکومت کو تیز رفتار اور مؤثر معاشی اصلاحات متعارف کرانی ہوں گی۔ شرح سود کے حوالے سے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کے مقابلے میں شرح سود کو کم کرنا ضروری ہے تاکہ ملکی کاروبار کو فروغ مل سکے۔
سابق وزیر نے وفاقی بجٹ پر کاروباری طبقے کے تحفظات دور کرنے اور حکومتی وعدوں کی پاسداری پر بھی زور دیا، تاکہ برآمدات پر مبنی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں، گوہر اعجاز نے کپاس کی صنعت اور کسانوں کی فلاح کے لیے بھی مخصوص اقدامات کی تجویز دی، تاکہ زرعی معیشت کو ترقی دے کر مجموعی معاشی بہتری کو ممکن بنایا جا سکے۔