سیاست August 6, 2025 Shahbaz Sayed

“چھ ماہ میں خواب حقیقت بن گیا! ‘اپنی چھت اپنا گھر’ نے ہزاروں کو نئی زندگی دے دی”

پنجاب کی مایہ ناز ہاؤسنگ اسکیم “اپنی چھت اپنا گھر” نے محض چھ ماہ میں ہزاروں خاندانوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دکھایا — اب بے گھر نہیں، سب کے پاس ہے اپنی چھت، اپنا آشیانہ۔

لاہور کے ایکسپو سینٹر میں اس خواب کی تکمیل کی خوشی میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔ اس یادگار تقریب میں پنجاب بھر سے وہ لوگ شریک ہوئے جنہوں نے اسکیم کے تحت قرض حاصل کرکے اپنے گھروں کی بنیاد رکھی۔

تقریب کے جذباتی مناظر ہر دل کو چھو گئے۔ مریم نواز شریف نے گھروں کے مالک بننے والے افراد سے ملاقات کی، خواتین سے ہاتھ ملایا، بچوں کو پیار دیا اور ہر ایک کو مبارکباد دی۔

ایک رکشہ ڈرائیور نے دل کی بات کرتے ہوئے کہا:
“گھر بنانے کی خواہش تھی، اللہ نے آپ کو وسیلہ بنا دیا۔”
جبکہ ایک خاتون نے خوشی سے کہا:
“وزیراعلیٰ نے ہمارے خواب کو تعبیر دے دی!”

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے غفور مسیح جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آنکھوں میں آنسو لیے بولے:
“نواز شریف اور مریم نواز کا شکریہ جنہوں نے ہمیں چھت فراہم کی۔”
اسپیشل پرسن سید وحید نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا، جس پر وزیراعلیٰ اپنی نشست سے اٹھ کر ان سے ملیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ایک یادگار لمحہ اُس وقت آیا جب ایک خاتون نے مریم نواز شریف سے سیلفی کی خواہش کی، جسے انہوں نے محبت بھرے انداز میں پورا کیا۔

تقریب کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ:

  • اسکیم کے پہلے مرحلے میں پانچ سے دس مرلہ تک کے گھر بنانے کے لیے 74 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے دیے جا چکے ہیں۔

  • 37 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرض کی دونوں اقساط جاری ہو چکی ہیں۔

  • 52 ہزار سے زائد گھر زیرِ تعمیر ہیں۔

  • اور خوش آئند بات یہ ہے کہ 99.9 فیصد ریکوری کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔