محققین نے انکشاف کیا ہے کہ پیٹ میں موجود بیکٹیریا کی مختلف اقسام اور بے خوابی کے درمیان گہرا تعلق ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق بے خوابی بعض اوقات معدے میں پائے جانے والے مخصوص “بگز” کی زیادتی سے بھی جڑی ہوئی ہے۔
برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی یا بے خوابی کے عام اسباب میں بے چینی، شور، الکوحل، کیفین اور شفٹ کی نوکری بھی شامل ہیں۔
گزشتہ کئی مطالعات میں یہ دیکھا گیا ہے کہ آنتوں کے مائیکروبائیوم کا نیند کی مختلف خصوصیات پر اثر پڑ سکتا ہے، تاہم اب تک یہ واضح نہیں کہ بیکٹیریا کے کون سے گروپ براہِ راست بے خوابی کے خطرے کو بڑھاتے ہیں۔
یہ نئی تحقیق جرنل جنرل سائیکیاٹری میں شائع ہوئی، جس میں محققین نے بے خوابی کے شکار 3 لاکھ 86 ہزار 533 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔