پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر اپوزیشن کا ہنگامہ، لوک سبھا و راجیہ سبھا کا اجلاس ملتوی

نئی دہلی: بھارتی پارلیمان میں پیر کے روز ہونے والے اجلاس کے دوران کانگریس کی قیادت میں حزبِ اختلاف کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے مودی حکومت سے پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر فوری وضاحت کا مطالبہ کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے ہی لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اجلاس کا آغاز ہوا، اپوزیشن ارکان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں ایوانوں کا اجلاس کچھ ہی دیر میں ملتوی کر دیا گیا۔
بعد ازاں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا:
“پارلیمنٹ صرف حکومتی ارکان کی آواز سننے کے لیے رہ گئی ہے، میں قائدِ حزبِ اختلاف ہوں، مگر مجھے بولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔”
میڈیا رپورٹس میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آپریشن سندور پر اگلے ہفتے بحث کرائے جانے کا امکان ہے، تاہم اپوزیشن کی جانب سے فوری جواب کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی مطالبہ کر چکی ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کریں تاکہ قوم کے سامنے پہلگام حملے اور آپریشن سندور کی مکمل تفصیلات پیش کی جا سکیں۔