اداکارہ ہانیہ عامر کی اپنے سابق بوائے فرینڈ اور مشہور گلوکار عاصم اظہر کے کنسرٹ میں موجودگی نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا۔ معاملہ مزید دلچسپ تب ہوا جب اداکارہ و ماڈل میرب علی کے بھائی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رامس علی کی ایک ذو معنی انسٹاگرام اسٹوری وائرل ہو گئی، جسے مداحوں نے ہانیہ اور عاصم کے درمیان بڑھتی قربتوں سے جوڑنا شروع کر دیا۔
رامس علی نے اپنی اسٹوری میں لکھا: “وقت کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ سب کچھ سامنے لے آتا ہے۔” اس ایک جملے نے قیاس آرائیوں کا طوفان کھڑا کر دیا۔ کچھ لوگوں نے اسے ایک عام تبصرہ سمجھا، جبکہ کئی صارفین نے اسے میرب علی اور عاصم اظہر کی ٹوٹی منگنی اور موجودہ حالات سے جوڑ دیا۔
یاد رہے، ہانیہ عامر اور عاصم اظہر 2020 میں علیحدہ ہو گئے تھے، جس کے بعد عاصم کی منگنی میرب علی سے ہوئی، مگر یہ رشتہ حال ہی میں ختم ہو گیا۔ اب جب دونوں ایک سے زیادہ مواقع پر ساتھ نظر آئے ہیں تو مداح پھر سے سوال اٹھا رہے ہیں: کیا یہ بس اتفاق ہے یا پرانے پیار کی واپسی؟