پاکستان کی آئی ٹی برآمدات بلند ترین سطح پر، مالی سال 2025 میں 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

اسلام آباد: مالی سال 2025 کے اختتام پر پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ریکارڈ 3.8 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں، جو ملکی تاریخ میں اب تک کی بلند ترین شرح ہے۔
تفصیلات کے مطابق، آئی ٹی، آئی ٹی ای ایس اور فری لانسرز کی برآمدات میں مجموعی طور پر 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ڈیجیٹل شناخت مزید مستحکم ہو رہی ہے۔
وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں وزارت آئی ٹی کی جامع اور مربوط حکمت عملی کو اس کامیابی کا بنیادی محرک قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت نہ صرف عالمی منڈیوں میں پاکستان کو متعارف کرایا گیا، بلکہ آئی ٹی ٹیلنٹ اور بنیادی ڈھانچے میں بھی خاطر خواہ سرمایہ کاری کی گئی۔
حکام کے مطابق، ڈیجیٹل معیشت، تیزرفتار انٹرنیٹ، اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ نے قومی آئی ٹی سیکٹر میں انقلابی تبدیلیاں پیدا کی ہیں، جس سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔
سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل (SIFC) اور حکومت کے مؤثر اقدامات کی بدولت پاکستان 2030 تک 15 ارب ڈالر آئی ٹی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل معیشت میں مسلسل پیشرفت سے پاکستان عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں ایک مؤثر اور مستحکم پلیئر کے طور پر ابھر رہا ہے۔