پاکستان کو ویٹ لفٹنگ کے دو عالمی ایونٹس کی میزبانی کا اعزاز، 2026 میں اسلام آباد میں عالمی میلہ سجے گا

ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان آئندہ سال فروری 2026 میں مینز اور ویمنز ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔ عالمی سطح پر ہونے والے ورلڈ ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایونٹ کو “گرینڈ پرکس” کا نام دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ میں ساتوں براعظموں سے 500 سے زائد ویٹ لفٹرز کی شرکت متوقع ہے، جو کہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز اور عالمی کھیلوں میں اعتماد کی علامت ہے۔
پاکستان ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر ارشد خان نے کہا کہ:
“ان ایونٹس کی میزبانی پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ یہ کامیابی ماسٹرز مقابلوں میں ہماری شاندار کارکردگی کا نتیجہ ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے قطر میں ہونے والی ایشین ماسٹرز چیمپئن شپ میں 10 میڈلز جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔
ارشد خان نے مزید کہا کہ:
“آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی اور پاک فوج کے ناقابل تسخیر دفاع نے عالمی برادری کا اعتماد پاکستان پر مضبوط کیا ہے، جس کے نتیجے میں اب دنیا کے بڑے کھیلوں کے ایونٹس بھی پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔”