کھیل July 25, 2025 Shahbaz Sayed

“پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے گولڈ میڈل کے دعوے پر تنازع — پی ایس بی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا”

ترجمان پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) خرم شہزاد کے مطابق 13 جولائی 2025 کو پی ایس بی نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن (پی این ایف) سے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں یوتھ گرلز ٹیم کی “پہلی پوزیشن” کے دعوے پر وضاحت طلب کی تھی۔

فیڈریشن سے تین دن میں جواب مانگا گیا تھا، مگر مقررہ مدت گزرنے کے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

اب، جمعہ کے روز پی ایس بی نے اس خاموشی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کو باضابطہ شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ آپ کی جانب سے کوئی وضاحت نہ دینا نہ صرف سرکاری رابطے سے گریز کے مترادف ہے بلکہ اس خاموشی کو “اقرار” بھی سمجھا جا سکتا ہے۔

پی ایس بی کو اس بات پر بھی تشویش ہے کہ 9 جولائی کو پی این ایف نے خط کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی یوتھ گرلز ٹیم نے جنوبی کوریا میں ہونے والی چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، حالانکہ اصل میں پاکستان چھٹی پوزیشن پر رہا۔

شوکاز میں یہ بھی کہا گیا کہ نیٹ بال فیڈریشن اچھی طرح جانتی تھی کہ نقد انعامات صرف میڈل جیتنے والی ٹیموں کے لیے مختص ہیں، پھر بھی انہوں نے نہ صرف انعام کا مطالبہ کیا بلکہ میڈیا پر بھی گولڈ میڈل جیتنے کا جھوٹا دعویٰ دہرایا۔

فیڈریشن کے چیئرمین مدثر رزاق آرائیں نے انٹرویوز اور عوامی بیانات کے ذریعے اس غلط بیانی کو مزید پھیلایا، جسے پی ایس بی نے عوامی اعتماد کے ساتھ دھوکہ دہی قرار دیا۔

شوکاز نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تمام اقدامات پاکستان اسپورٹس بورڈ کے آئین اور کھیلوں کے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔

پی ایس بی کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف اخلاقی اصول پامال ہوئے بلکہ ادارے کے اعتماد کا بھی غلط استعمال کیا گیا۔

اب فیڈریشن کو سات دن کے اندر وضاحت جمع کرانا ہوگی کہ کیوں نہ ان پر دس لاکھ روپے (1 ملین) کا جرمانہ عائد کیا جائے۔

نوٹس میں یہ بھی درج ہے کہ اگر مقررہ وقت تک جواب نہ ملا تو بورڈ یکطرفہ کارروائی کرے گا، جس میں مزید قانونی اور مالی پابندیاں شامل ہو سکتی ہیں۔