پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان پہلی بار سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کرے گا جو 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوگی۔
سیریز میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پہلا میچ 17 نومبر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان کا مقابلہ بھی اسی میدان میں ہوگا۔
یہ سیریز اس لحاظ سے تاریخی ہے کیونکہ افغانستان کا پاکستان میں یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ فائنل سمیت باقی تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد نے کہا کہ یہ سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا شاندار موقع ہوگی اور تینوں ٹیموں کو اپنی صلاحیتیں آزمانے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔