جرمنی نے پاکستان میں موجود ان افغان شہریوں کے لیے داخلے کا عمل دوبارہ شروع کر دیا ہے جو کئی مہینوں سے انتظار کی حالت میں تھے۔ جرمن وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ افراد مختلف مراحل میں تھے اور ان کی جانچ پڑتال کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا ہے، جبکہ جرمنی کے متعلقہ حکام پاکستان پہنچ چکے ہیں تاکہ داخلے کی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ صرف وہی افغان شہری جرمنی داخل ہو سکیں گے جن کے کیسز عدالت میں کامیاب ہو چکے ہیں یا جنہیں پہلے ہی باقاعدہ داخلے کی منظوری دی گئی ہے۔ ان کے لیے سکیورٹی چیک لازمی ہوں گے اور پاکستان سے ایگزٹ پرمٹ حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے افغان مہاجرین کو یکم ستمبر تک ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔ انسانی حقوق کے وکلاء اور امدادی تنظیموں کے مطابق یہ افغان خاندان طویل عرصے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار تھے اور اب بالآخر انہیں ریلیف ملا ہے۔