ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا کے کیس کی سماعت کی، جس میں ملزم حسن زاہد اور مدعیہ کی ٹرانزکیشن ہسٹری عدالت میں پیش کی گئی۔
وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزم کا ابتدائی ریمانڈ 2 دن کا بتایا تھا، تاہم 5 دن بعد پیش کیا گیا۔ پولیس نے وضاحت کی کہ پچھلے آرڈر میں 2 دن کے ریمانڈ کی بات ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے سامنے آئی، جسے فوراً درست کروا لیا گیا۔
وکیل صفائی نے مزید کہا کہ ملزم اور مدعیہ کی منگنی ہوچکی ہے اور اس حوالے سے تصاویر اور مدعیہ کے والدین کا بیان ویڈیو کی شکل میں عدالت میں پیش کیا گیا۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم سے 45 ہزار روپے ریکور کر لیے گئے ہیں، جب کہ گاڑی، اسلحہ اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری باقی ہے۔ عدالت نے ملزم کا مزید 8 روزہ ریمانڈ منظور کرنے کے حوالے سے سماعت کی۔
وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ حسن زاہد نے ایک مقدمے میں ضمانت لی تھی، مگر جان بوجھ کر دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ وقوعہ کے وقت ملزم جناح سپر مارکیٹ میں موجود تھا، اور رقم واپسی کے لیے مدعیہ کو جعلی رسیدیں دی گئیں۔
ملزم حسن زاہد کے خلاف تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج ہے، اور عدالت سماعت جاری رکھے گی