سیاست July 19, 2025 Shahbaz Sayed

ٹرمپ کا بڑا انکشاف: پاک بھارت جنگ میں 5 بھارتی طیارے گرائے گئے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اندازے کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ کے دوران 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔

وائٹ ہاؤس میں ریپبلکن ارکان کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اس حد تک بڑھ چکی تھی کہ ایٹمی جنگ چھڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم ان کی بروقت مداخلت سے یہ جنگ روکی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ حقیقت میں پانچ بھارتی طیارے گرائے گئے، اگرچہ انہوں نے واضح نہیں کیا کہ یہ طیارے کس نے گرائے، تاہم ان کے بیان سے پاکستان کے مؤقف کو تقویت ملی ہے۔

کشیدگی کی ابتدا

یہ تنازعہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں نامعلوم حملے سے شروع ہوا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت نے الزام بغیر ثبوت کے پاکستان پر عائد کیا، تاہم پاکستان نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔

جنگ اور جواب

7 مئی کو بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، جس کے جواب میں پاکستانی فضائیہ نے بھرپور دفاع کیا اور بھارتی فضائیہ کے 5 جنگی طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔ اگرچہ بھارت نے ان کی تباہی تسلیم نہیں کی، مگر صدر ٹرمپ کے بیان نے اس مؤقف کو تقویت دی۔

جنگ بندی اور ثالثی

جنگ بندی 10 مئی کو اس وقت ہوئی جب صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے بات کی اور واضح پیغام دیا کہ اگر جنگ نہ روکی گئی تو امریکا تجارتی تعلقات منقطع کر دے گا۔

اس دوران صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش بھی کی۔

پاکستان کی حمایت، بھارت کی انکار

پاکستان نے صدر ٹرمپ کی کوششوں کا خیرمقدم کیا جبکہ بھارت نے ان کی ثالثی کو مسترد کر دیا۔

اس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش بھی کی۔