وزیر داخلہ کا ایف سی بلوچستان نارتھ ہیڈکوارٹر کا دورہ، شہداء کو خراج عقیدت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قیام امن کے لیے قربانیوں کو سراہا۔
دورے کے دوران ایف سی بلوچستان نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے وفاقی وزیر کو سلامی پیش کی۔ آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عابد مظہر نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا اور افسران سے تعارف کروایا۔
محسن نقوی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو قوم کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کے عزم اور حوصلے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ ایک مایہ ناز فورس ہے جو ملک میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے فورس کے افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان پر قوم کو فخر ہے۔
آئی جی ایف سی نے وزیر داخلہ کو فورس کی تربیت، آپریشنل تیاری اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے ایف سی نارتھ کی خدمات کو گراں قدر قرار دیا اور کہا کہ ریاست ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔