وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت دنیا میں کسی سے کم نہیں۔
یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 7 ستمبر کا دن پاک فضائیہ کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور شجاعت کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں اپنے عظیم کارناموں سے ملک کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور طاقت سے فضائی معرکوں میں اپنی دھاک بٹھائی اور دشمن کو بھرپور جواب دیا، جبکہ مسلح افواج نے یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کو تاریخی شکست دی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ برسوں میں پاک فضائیہ کی کثیرالجہتی صلاحیتیں اس کی جدت اور پیشہ ورانہ ترقی کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر موقع اور معیار پر پورا اُترے گی اور ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور تحفظ جاری رکھے گی۔