سیاست July 23, 2025 Shahbaz Sayed

وزیراعظم سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد — وزیراعظم پاکستان سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی و عالمی امور سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کنگ چارلس سوئم اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ رواں سال کے اختتام پر برطانیہ کی قیادت کے ساتھ ملاقات کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی سے متعلق برطانوی حکومت کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس مثبت پیش رفت سے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات کم ہوں گی اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔ اس ضمن میں انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کے مثبت کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تعاون کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حالیہ تجارتی مذاکرات دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی برطانیہ کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے، جہاں اس وقت پاکستان کو صدارت حاصل ہے۔

ملاقات میں جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورۂ لندن سے متعلق آگاہ کیا جہاں پاکستان برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف سطحوں پر مشاورت کی گئی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کے وژن اور قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں حکومت کی معاشی کارکردگی کے باعث تمام اہم میکرو اکنامک اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ملاقات کے اختتام پر خطے کی تازہ علاقائی پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی، جس میں برطانوی ہائی کمشنر نے جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ سے متعلق برطانیہ کے نقطۂ نظر سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔