ورلڈ کلبز چیمپئن شپ کی واپسی کی راہ ہموار، آئی پی ایل اور پی ایس ایل ٹیموں کا ٹاکرا ممکن

سنگاپور میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس میں ایک اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جہاں عالمی فرنچائز کرکٹ ٹورنامنٹ کی بحالی کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔
اس بار یہ ایونٹ “ورلڈ کلبز چیمپئن شپ” کے نام سے متعارف ہوگا، جسے ستمبر 2026 میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس چیمپئن شپ میں دنیا کی مختلف بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگز کی فاتح ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ بھی ممکن ہو سکتا ہے، البتہ اس حوالے سے ابھی کئی امور طے ہونا باقی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، بھارتی اور انگلش کرکٹ بورڈ اس منصوبے کی حمایت کر چکے ہیں، تاہم ابھی تک نہ آئی پی ایل اور نہ ہی پی ایس ایل ٹیموں کی شرکت کی باقاعدہ تصدیق ہو سکی ہے۔
گزشتہ دنوں لندن میں ہونے والے “ورلڈ کرکٹ کنیکٹس” اجلاس میں جنوبی افریقہ، بنگلادیش، انٹرنیشنل لیگ ٹی 20، سی پی ایل اور “دی ہنڈرڈ” جیسی لیگز کے نمائندے شریک ہوئے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ یا پی ایس ایل کی جانب سے کوئی نمائندگی نظر نہیں آئی۔
اجلاس میں آئی پی ایل ٹیموں کی شرکت پر بھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
البتہ آئی سی سی کی منظوری اس بات کی نشاندہی ضرور کرتی ہے کہ اگر مستقبل میں شیڈولنگ اور مالی معاملات طے پا جائیں تو بڑے نام اس ٹورنامنٹ کا حصہ بن سکتے ہیں۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بھارت کی 2026 میں افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز طے ہے، لیکن معمولی رد و بدل سے اس نئی چیمپئن شپ کو وقت دیا جا سکتا ہے۔
ماضی کی بات کریں تو چیمپئنز لیگ ٹی 20، جو 2009 سے 2014 تک کھیلی گئی، میں چنئی سپر کنگز، ممبئی انڈینز، سڈنی سکسرز اور نیو ساؤتھ ویلز جیسی ٹیمیں فاتح رہیں۔
تاہم، کم ریٹنگز اور مالی نقصانات کی وجہ سے اس ایونٹ کو بند کرنا پڑا تھا۔
اب جب کہ اسے ایک نئے نام، بہتر تجارتی حکمت عملی اور عالمی دلچسپی کے ساتھ دوبارہ پیش کیا جا رہا ہے، تو دیکھنا ہوگا کہ آیا یہ نیا ایڈیشن توقعات پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔