ٹیکنالوجی July 21, 2025 Shahbaz Sayed

واٹس ایپ کا نیا فیچر “کوئیک ری کیپ” متعارف، بغیر پڑھے پیغامات کی سمری ایک کلک پر دستیاب

پیغام رسانی کے لیے دنیا بھر میں مقبول موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
تکنیکی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ نے “میسج سمریز” کے نام سے ایک نئے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے، جس کی بدولت صارفین بغیر وقت ضائع کیے، اپنے بغیر پڑھے گئے پیغامات کا خلاصہ (سمری) ایک نظر میں دیکھ سکیں گے۔

یہ نیا فیچر “کوئیک ری کیپ” کے نام سے جانا جائے گا، جو فی الحال آزمائشی مرحلے میں اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیچر ڈیفالٹ طور پر بند ہوگا، اور صارف کو اسے مینو سے خود فعال کرنا ہوگا۔


فیچر کیسے کام کرے گا؟

صارف جب چیٹس کی فہرست میں سے ایک یا ایک سے زائد گفتگو منتخب کرے گا، تو مینیو میں ایک نیا آپشن “Quick Recap” کے نام سے ظاہر ہوگا۔
اس پر کلک کرتے ہی اس چیٹ میں موجود بغیر پڑھے گئے میسجز کا خلاصہ — یعنی سمری — دکھائی جائے گی، تاکہ صارف پوری چیٹ کھولے بغیر ہی اہم نکات جان سکے۔


کیا ہے اس کا فائدہ؟

روزمرہ کی مصروف زندگی میں اکثر لوگ درجنوں میسجز پڑھنے کا وقت نہیں نکال پاتے۔ یہ فیچر ان صارفین کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگا جو گروپ چیٹس یا اہم گفتگوؤں میں شریک ہوتے ہیں مگر لمبی چیٹس پڑھنے کے لیے وقت نہیں ہوتا۔
اب صرف ایک کلک پر بات کا خلاصہ حاصل کیا جا سکے گا۔


کب تک سب کو دستیاب ہوگا؟

فی الحال کمپنی نے فیچر کی مکمل ریلیز کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی، لیکن بیٹا ٹیسٹنگ کامیاب ہونے کی صورت میں اسے جلد دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔