کھیل July 30, 2025 Shahbaz Sayed

نوجوانوں کا کمال، سینئرز کی زوال — آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان کے کھلاڑیوں کی اونچ نیچ

آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے شاندار پیش رفت کی ہے، وہیں کچھ سینیئر کھلاڑیوں کو مایوس کن تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ تین میچوں کی سیریز میں متاثرکن کارکردگی کے بعد صاحبزادہ فرحان نے بیٹرز کی فہرست میں زبردست چھلانگ لگائی — 69 درجے ترقی کرتے ہوئے وہ اب 97 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، 389 پوائنٹس کے ساتھ۔

اسی طرح حسن نواز نے بھی خود کو منوایا، 14 درجے بہتری کے ساتھ اب وہ 500 پوائنٹس پر جنوبی افریقی جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملر کے ساتھ 54 ویں پوزیشن پر ہیں۔

کپتان سلمان علی آغا نے دو درجے ترقی پا کر 91 ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ اوپنر صائم ایوب بھی دو قدم آگے بڑھتے ہوئے 62 ویں نمبر پر آ گئے۔

مگر دوسری طرف…

سینیئر کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں کمی واضح رہی۔
بابر اعظم اب 14 ویں اور محمد رضوان 16 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
محمد حارث کو 15 درجے نقصان ہوا، جس کے بعد وہ اب 65 ویں پوزیشن پر ہیں۔
فخر زمان کی درجہ بندی بھی دو درجے گر کر 81 ہو گئی۔

بولنگ رینکنگ کا حال

بولنگ کی فہرست میں پاکستانی فینز کے لیے زیادہ خوشخبری نہیں۔ کوئی بھی پاکستانی بولر ٹاپ 20 میں جگہ نہیں بنا سکا۔
عباس آفریدی اور حارث رؤف دو، دو درجے تنزلی کے بعد اب 24 ویں اور 26 ویں نمبر پر ہیں۔
شاہین آفریدی نے ایک درجہ بہتری کے ساتھ 35 واں نمبر حاصل کیا۔
ابرار احمد دو درجے گر کر 51 ویں پوزیشن پر آ گئے، اور شاداب خان بھی 67 ویں نمبر پر جا پہنچے۔

عالمی منظرنامہ

بیٹنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما نے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے، جبکہ تیلاک ورما تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی سرفہرست ہیں، انگلینڈ کے عادل رشید دوسرے، اور بھارت کے ورون چکرورتی تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔