نارڈ اسٹریم حملہ عالمی امن کے لیے خطرہ، پاکستان کا اقوام متحدہ میں سخت مؤقف

نارڈ اسٹریم حملہ عالمی امن کے لیے خطرہ، پاکستان کا اقوام متحدہ میں سخت مؤقف - اردو خبریں

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں، جو بین الاقوامی امن و سلامتی کے خطرات کے ایجنڈے کے تحت منعقد ہوا، پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے ستمبر 2022 میں نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنز پر ہونے والی تخریب کاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’’ایسی تنصیبات اور اہم بنیادی ڈھانچے پر حملہ نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کرتا ہے بلکہ ایک خطرناک مثال بھی قائم کرتا ہے، جس کا مؤثر طور پر تدارک ناگزیر ہے۔‘‘

سفیر عثمان جدون نے اس حملے کو ’’تشویشناک اور قابلِ مذمت اقدام‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی یا غیر ریاستی عناصر کی جانب سے اس نوعیت کے منصوبہ بند حملے عالمی استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور یہ بین الاقوامی قوانین کو کمزور کرتے ہیں۔

اپنے خطاب میں پاکستانی مندوب نے تین اہم نکات اجاگر کیے:

  1. اہم شہری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے، خصوصاً سرحد پار تنصیبات کی سلامتی کو ہرگز خطرے میں نہیں ڈالا جانا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے مضبوط عالمی تعاون اور بین الاقوامی قانون کا مؤثر نفاذ ضروری ہے۔

  2. ایسے حملوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے جرمنی کی جاری تحقیقات اور ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے شفاف اور قابلِ اعتبار عمل پر زور دیا۔

  3. تحقیقات کی تکمیل شفاف انداز میں ہونی چاہیے۔ اس طرح کہ تمام متاثرہ فریق مطمئن ہوں، حقائق سامنے آئیں، خدشات دور ہوں اور احتساب کے اصول پر عمل ہو۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان تعاون شفاف تحقیقات اور مؤثر عملدرآمد کے لیے ناگزیر ہے۔ سفیر عثمان جدون نے ایک بار پھر زور دیا کہ حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں شہری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنایا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں

Shahbaz Sayed

مزید مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *