ٹیکنالوجی July 22, 2025 Shahbaz Sayed

میٹا کی بڑی کارروائی: لاکھوں جعلی اور نقل شدہ اکاؤنٹس معطل، اصل تخلیق کاروں کو ترجیح

کیلیفورنیا: میٹا (Meta) نے پلیٹ فارمز پر جعلی اور نقل شدہ مواد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں اکاؤنٹس کو معطل یا محدود کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جعلی پروفائلز اکثر معروف صارفین یا مواد تخلیق کرنے والوں کا روپ اختیار کیے ہوئے تھے۔

میٹا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ابتدائی اور اصل تخلیق کاروں کا ڈیجیٹل مقام بحال کرنا ہے، تاکہ ان کے اصل مواد کو ترجیح دی جا سکے اور پلیٹ فارم کو زیادہ قابل اعتماد بنایا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق 500,000 سے زائد اکاؤنٹس کو اسپیم جیسے رویوں کی بنا پر معطل یا ڈیمنشن (deprioritize) کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے صارفین جو مسلسل نقل شدہ مواد پوسٹ کر رہے تھے، ان کی مونیٹائزیشن معطل کر دی گئی ہے۔

میٹا نے تصدیق کی ہے کہ یہ اقدامات “اصل” صارفین اور تخلیق کاروں کے مواد کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے ہیں۔ جعلی اور کاپی شدہ پوسٹس کی نشاندہی کے لیے اے آئی اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز استعمال کی گئی ہیں، جن کے ذریعے نقل کی گئی پوسٹس کو فلٹر کر کے اصل تخلیق کاروں کا مواد دوبارہ نمایاں کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق، اے آئی ٹولز کی مدد سے یہ نگرانی اور کارروائی مستقبل میں بھی جاری رہے گی، تاکہ پلیٹ فارم کو جعل سازی، کاپی شدہ مواد، اور اسپیم سے محفوظ رکھا جا سکے۔