ملک کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال، این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

ملک کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال، این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری - اردو خبریں

اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے دریائے چناب سمیت مختلف دریاؤں میں شدید سیلابی ریلوں کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشیں ہوئیں، جبکہ 6 ستمبر سے جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ کے اضلاع بشمول بدین، سجاول اور تھرپارکر میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 4 اور 5 ستمبر کو پنجند کے مقام پر راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلے یکجا ہوں گے جس سے وہاں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ حکام نے پہلے ہی ممکنہ متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کر دی ہے اور متعلقہ پی ڈی ایم ایز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سیلاب متاثرین کو اب تک 5 ہزار 700 ٹن امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ حکومتی ادارے، افواج پاکستان اور فلاحی تنظیمیں متاثرین کی مدد کے لیے سرگرم ہیں۔

مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 48 ہزار 237 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ ریلا آج رات 8 بجے خانکی، رات 3 بجے قادر آباد اور 8 ستمبر کو صبح 7 بجے تریموں ہیڈ ورکس پہنچے گا۔ 11 ستمبر کو یہ ریلا 2 لاکھ 64 ہزار کیوسک کے بہاؤ کے ساتھ پنجند اور 13 ستمبر کو گڈو بیراج تک پہنچنے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے اور دریاؤں کے کنارے آباد آبادیوں کو ہائی الرٹ رہنے کا کہا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہنگامی کٹ تیار رکھنے، اہم دستاویزات محفوظ کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مصنف کے بارے میں

Shahbaz Sayed

مزید مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *