انٹرٹینمنٹ July 17, 2025 Shahbaz Sayed

مشی خان کی کڑی تنقید: “حمیرا اصغر کے والدین نے بیٹی کی موت کو سنجیدہ نہیں لیا”

معروف اداکارہ مشی خان نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں مرحومہ ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے والدین کے رویے پر سخت تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ والدین کا انٹرویو سن کر ایسا محسوس ہوا جیسے وہ سنجیدہ نہیں، اور ان کے تاثرات مایوس کن تھے۔

مشی خان نے دعویٰ کیا کہ پولیس کو تحقیقات میں اس لیے مشکل پیش آ رہی ہے کیونکہ حمیرا کی فیملی مکمل تعاون نہیں کر رہی۔ ان کے مطابق حمیرا کی پراسرار موت کے پیچھے اصل حقیقت جاننا ضروری ہے، مگر فیملی کی غیر سنجیدگی نے معاملہ مزید الجھا دیا ہے۔

اداکارہ نے نہ صرف والدین بلکہ انٹرویو کرنے والے میزبان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میزبان نے سوالات ٹھیک انداز میں نہیں کیے اور والدین کو کھل کر بات کرنے کا موقع نہیں دیا۔

مشی خان نے سوال اٹھایا کہ اگر والدین کو بیٹی کے شوبز میں ہونے پر اعتراض نہیں تھا تو پھر وہ دس ماہ تک بیٹی کی خیریت پوچھنے کیوں نہیں آئے؟ اور اگر ان کی بیٹی نے اتنے عرصے تک کوئی رابطہ نہیں کیا تو کیا انہوں نے اسے تلاش کرنے کی سنجیدہ کوشش کی؟

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حمیرا کا پتہ معلوم نہیں تھا تو پولیس کی مدد لی جا سکتی تھی، مگر شاید بدنامی کے ڈر سے خاموشی اختیار کی گئی۔ مشی خان کے بقول، بدنامی تو اب بھی ہو رہی ہے، جب ان کی لاش ایک سال بعد ملی۔

مشی خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو چاہیے تھا کہ وہ ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے، تاکہ ان کی بیٹی کے ساتھ انصاف ہو سکتا۔

یاد رہے کہ اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے ملی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کی موت اکتوبر 2024 میں ہوئی تھی۔ لاش گلنے سڑنے کے آخری مرحلے میں تھی اور تاحال موت کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔