لندن میں فلسطین ایکشن کی حمایت پر کریک ڈاؤن، 41 مظاہرین گرفتار

یار قطری چینل الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی پولیس نے لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر میں مظاہرین پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ان مظاہرین کا تعلق فلسطین ایکشن گروپ کی حمایت سے بتایا جاتا ہے۔
میٹرو پولیٹن پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ اسکوائر میں 41 افراد کو ’’کالعدم تنظیم کی حمایت‘‘ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ان میں خواتین، بزرگ اور طلبا بھی شامل ہیں۔
دراصل برطانیہ کی حکومت نے فلسطین ایکشن گروپ کو کالعدم قرار دے رکھا ہے۔ جو کوئی بھی اس گروپ کی حمایت کرتا ہوا پایا جائے، اسے 14 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
مظاہرین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تو بس جنگی جرائم کے خلاف آواز اٹھا رہے تھے اور ان کا احتجاج بھی پرامن اور خاموش تھا۔
رپورٹ کے مطابق صرف لندن میں ہی نہیں بلکہ مانچسٹر، کارڈیف اور نارتھ آئرلینڈ میں بھی اسی طرح کے مظاہرے ہوئے۔ وہاں مظاہرین نے برطانوی اسلحہ بنانے والی کمپنیوں کی عمارتوں پر بھی احتجاج کیا۔
یاد رہے کہ جولائی میں برطانوی پارلیمنٹ نے فلسطین ایکشن گروپ پر یہ پابندی باقاعدہ طور پر منظور کی تھی۔ اس کی اصل وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ پچھلے مہینے کچھ مظاہرین نے ایک فوجی اڈے میں گھس کر دو جہازوں پر سرخ پینٹ پھینک دیا تھا۔