فواد چوہدری کا دعویٰ: پی ٹی آئی قیادت سینیٹ کی بندربانٹ میں مصروف، بانی کی رہائی کو خطرہ سمجھتی ہے

لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت سینیٹ کی سیٹوں کی بندربانٹ میں مصروف ہے اور اصل مسئلہ پارٹی کے بانی کی رہائی ہے، نہ کہ پارلیمانی نشستوں کی کمی یا زیادتی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت خود بانی پی ٹی آئی کو قید میں رکھنے میں کردار ادا کر رہی ہے، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اگر بانی رہا ہو گئے تو ان کی اپنی قیادت ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کی موجودہ قیادت کسی قسم کی عوامی تحریک چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ “اگر بانی کے بیٹے سیاسی منظرنامے پر آ جائیں تو اپوزیشن کا انداز اور مؤقف مکمل طور پر مختلف ہو سکتا ہے،” انہوں نے مزید کہا۔
فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی رکن عالیہ حمزہ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تحریک میں کوئی مؤثر کردار نہیں ہے۔ ان کے مطابق پارٹی میں سیاسی حکمت عملی کا فقدان ہے، جس کے باعث عوام سڑکوں پر نہیں نکل رہے۔