انٹرٹینمنٹ July 24, 2025 Shahbaz Sayed

“فلم محبت کا پیغام ہے، کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا مقصد نہیں” — وانی کپور

بھارتی اداکارہ وانی کپور نے اپنی فلم عبیر گلال پر عائد پابندی پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ ایک بھارتی میڈیا انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے وانی نے کہا کہ فلم کی تیاری کے وقت حالات بالکل نارمل تھے اور فلم سازوں نے ریلیز سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کر رکھے تھے۔

وانی کپور کا کہنا تھا کہ “جب بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں کشیدگی بڑھی تو ہم نے عوامی احساسات اور حکومتی موقف کو سامنے رکھتے ہوئے فلم کی ریلیز روک دی۔ ہم نہیں چاہتے تھے کہ کسی کے جذبات مجروح ہوں یا فلم تنازع کا باعث بنے۔”

اداکارہ نے مزید کہا کہ عبیر گلال کوئی سیاسی یا اشتعال انگیز فلم نہیں بلکہ یہ محبت، تعلق اور انسانیت کے پیغام پر مبنی ایک خوبصورت رومانوی کہانی ہے۔

واضح رہے کہ اس فلم میں پاکستان کے معروف اداکار فواد خان اور وانی کپور مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ لیکن پاک بھارت کشیدہ حالات اور انتہا پسند حلقوں کے دباؤ کے باعث فلم کی ریلیز کو روک دیا گیا، جس پر شوبز شائقین اور فلمی ناقدین نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

وانی کپور نے امید ظاہر کی کہ ایک دن ضرور آئے گا جب یہ فلم دونوں ملکوں کے شائقین کے لیے ریلیز کی جائے گی اور لوگ اس کے اصل پیغام کو سمجھ سکیں گے۔ مداحوں کی جانب سے بھی اب تک فلم کی ریلیز کا بےچینی سے انتظار کیا جا رہا ہے۔