عمران خان کی ہائیکورٹ سے رجوع، جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی استدعا

اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکلاء ظہیر عباس، عثمان گل اور خالد یوسف کے ذریعے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ درخواست میں جیل میں بہتر کلاس کی سہولیات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عدالتی احکامات کے باوجود بنیادی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ عمران خان کے مطابق جیل میں انہیں اخبارات، ٹی وی اور ورزش کے سامان تک رسائی نہیں دی جا رہی، جبکہ ذاتی لباس اور بستر کی فراہمی میں بھی تاخیر کی جا رہی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ذاتی معالج سے چیک اپ میں خلل ڈالا جا رہا ہے اور عدالت کی منظوری سے قائم کردہ طبی پینل کے انتظامات کو بھی نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل میں بلاجواز بجلی کی فراہمی منقطع کی جاتی ہے، اور عدالتی احکامات کے باوجود انہیں بیرون ملک مقیم بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت جیل میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسر کی تعیناتی کا حکم دے، اور ان اقدامات کی ہفتہ وار رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت جاری کرے۔