سیاست August 6, 2025 Shahbaz Sayed

”عدالت کا بڑا اسٹاپ! عمر ایوب اور شبلی فراز کو نااہلی کی تلوار سے وقتی ریلیف“

عمر ایوب اور شبلی فراز کے لیے ایک بڑی قانونی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نااہلی کے نوٹیفکیشن پر مزید کارروائی روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن 5 اگست کے جاری کردہ فیصلے پر فی الحال آگے نہ بڑھے۔ ساتھ ہی عدالت نے تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر کے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 20 اگست کو مقرر کی گئی ہے۔

یہ فیصلہ دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے کی صورت میں جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز کو سنے بغیر نااہل قرار دیا گیا، جو کہ آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ان کے مؤکلان کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا، حالانکہ دونوں نے باقاعدہ طور پر عدالت کے سامنے سرنڈر کیا تھا اور حفاظتی ضمانت بھی حاصل کی تھی۔ وکیل نے مزید کہا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ میں سزا کے خلاف اپیل دائر کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے۔

عدالت نے اس موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کسی بھی قسم کی مزید کارروائی سے روک دیا اور تمام فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

اسی دوران شبلی فراز اور زرتاج گل کو بھی ریلیف مل گیا، جب پشاور ہائی کورٹ نے ان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 11 اگست تک گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے دونوں رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس دوران متعلقہ ہائیکورٹ میں پیش ہوکر اپنی اپیل دائر کریں۔