عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ: عبداللہ نواز پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد انفرادی ایونٹ سے باہر

مصر کے شہر نیو قاہرہ میں جاری عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے انفرادی ایونٹ میں پاکستان کے واحد باقی رہ جانے والے کھلاڑی عبداللہ نواز چوتھے راؤنڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
پری کوارٹر فائنل میں آدم حویل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عبداللہ نواز کو مسلسل تین گیمز میں شکست دی۔ پہلے گیم میں 6-11، دوسرے میں 5-11 جبکہ تیسرے گیم میں 2-11 سے کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ عبداللہ نواز نے ابتدائی تین میچز میں عمدہ کارکردگی دکھائی تھی۔
-
پہلے راؤنڈ میں انہوں نے ہانگ کانگ کے کینگ ان لیونگ،
-
دوسرے میں کینیڈا کے روہن پلوال
-
اور تیسرے راؤنڈ میں امریکا کے آسکر کو شکست دے کر چوتھے مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستان کے دیگر تین کھلاڑی محمد عمیر عارف، یحییٰ خان اور انس علی شاہ پہلے ہی راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا ٹیم ایونٹ 27 جولائی سے شروع ہوگا، جس میں پاکستان کی نمائندگی عبداللہ نواز، انس علی شاہ بخاری، محمد عمیر آصف اور عبیداللہ کریں گے۔