عالمی انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ کے لیے قومی اسکواڈ منگل کو تاشقند روانہ ہوگا

پاکستانی جونیئر والی بال اسکواڈ منگل کو عالمی انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند روانہ ہوگا۔
یہ ایونٹ 24 ٹیموں کے درمیان 24 جولائی سے 3 اگست تک کھیلا جائے گا، جہاں دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔
پاکستان اس چیمپئن شپ میں پول اے کا حصہ ہے، جہاں اس کا پہلا میچ 24 جولائی کو بیلجیم کے خلاف شیڈول ہے۔ اس کے بعد ٹیم 25 جولائی کو میزبان ازبکستان، 26 جولائی کو ترکی، 28 جولائی کو پورٹوریکو اور 29 جولائی کو ارجنٹائن کے خلاف میدان میں اترے گی۔
ناک آؤٹ مرحلہ 30 جولائی سے شروع ہوگا جس میں ٹاپ 16 ٹیمیں جگہ بنائیں گی، جبکہ ایونٹ کا فائنل 3 اگست کو کھیلا جائے گا۔
قومی جونیئر اسکواڈ 19 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں 12 کھلاڑی اور 7 آفیشلز شامل ہیں۔ ٹیم کے کھلاڑیوں میں محمد یحییٰ، طیب خان، جبران، محمد حسن، محمد ساجد، مجاہد علی شاہ، اجمل جنید، محمد عرفان، جاوید احمد، طلال احمد، ابوبکر صدیق اور خضر حیات شامل ہیں۔
ٹیم کی کوچنگ اسٹاف میں سعید احمد خان ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے، جبکہ احسان اقبال اور محمد سلیمان امین اسسٹنٹ کوچز ہوں گے۔ مظہر فرید ٹیم مینجر، محمد سلیمان فزیوتھراپسٹ اور محمد شہباز ٹیم آفیشل کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب ٹیم کے ہمراہ بطور چیف آف مشن جائیں گے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ قومی ٹیم نے حال ہی میں تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین انڈر 16 چیمپئن شپ میں ایران کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جو عالمی ایونٹ کے لیے ان کے حوصلے بلند کرنے والا کارنامہ ہے۔
چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی دیگر نمایاں ٹیموں میں امریکا (جو اعزاز کا دفاع کر رہا ہے)، ایران، مصر، جاپان، کوریا، اٹلی، فرانس، پولینڈ، بلغاریہ، چین، کولمبیا، کینیڈا، اسپین، ترکی، فن لینڈ، کیوبا، الجیریا، تنزانیہ اور میزبان ازبکستان شامل ہیں۔