طبی آلات کی رجسٹریشن اب صرف 20 دن میں، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد — وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ایک نئے ڈیجیٹل نظام کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ “طبی شعبے میں انقلاب لانا مشکل ضرور ہے، لیکن ناممکن ہرگز نہیں۔ اگر قوم متحد ہو جائے تو ہم اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں۔”
وزیراعظم نے وزارت صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (DRAP) کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام موجودہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت طبی آلات کی رجسٹریشن اب صرف 20 دن کے اندر مکمل ہو سکے گی، جو پہلے برسوں پر محیط ہوتی تھی اور کرپشن کا شکار بھی رہتی تھی۔
انہوں نے زور دیا کہ “ادارے صرف شفافیت، میرٹ اور اصلاحات سے مضبوط ہوتے ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کامیابی جنرل اظہر کیانی کی قیادت کی مثال ہے اور ایسے ماڈلز ملک بھر میں اپنانے کی ضرورت ہے۔
ڈیجیٹل نظام کے فوائد کیا ہوں گے؟
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے ڈیجیٹل نظام سے سفارش، رشوت اور “چائے پانی” کلچر کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ اب درخواست دہندہ گھر بیٹھے لائسنس کی درخواست دے سکے گا، اور 20 دن میں جواب بھی مل جائے گا۔
وزیر صحت کے مطابق نظام میں بار کوڈ اور کیو آر کوڈ جیسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے نہ صرف دوا کی اصلیت، قیمت اور ایکسپائری کی تصدیق ممکن ہو گی بلکہ جعلی ادویات کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے گی۔
مصطفیٰ کمال نے عوامی صحت کو درپیش چیلنجز، جیسے ناقص پانی، آبادی میں خطرناک اضافہ اور کمزور اربن پلاننگ پر بھی روشنی ڈالی۔
پہلا لائسنس وزیراعظم کے ہاتھوں جاری
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے باضابطہ طور پر ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کیا اور اس موقع پر کوئیک ٹیسٹ پاکستان لمیٹڈ کے سی ای او کو پہلا ڈیجیٹل لائسنس خود دے کر اس اقدام کی عملی شروعات کیں۔