ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ مراد نرتلیو نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ نقطۂ نظر پر قائم ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی گنجائش موجود ہے اور اس کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے توانائی، زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ براہِ راست فضائی روابط کاروباری اور عوامی تعلقات کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قازقستان کے صدر کے آئندہ دورۂ پاکستان کا منتظر ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
قازق وزیر خارجہ مراد نرتلیو نے کہا کہ ان کا دورہ قازق صدر کے آئندہ سرکاری دورے کی تیاری کا حصہ ہے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔