ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کو 50 اوورز میں 280 رنز تک محدود کردیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لیوس، کپتان شائی ہوپ اور روسٹن چیس نے شاندار نصف سنچریاں بنائیں، لیکن پاکستان کے فاسٹ باؤلرز نے بازی پلٹ دی۔
شاہین شاہ آفریدی نے 51 رنز دے کر 4 شکار کیے اور صرف 65 میچز میں 131 وکٹیں مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا، جو پہلے افغانستان کے راشد خان کے پاس تھا۔ نسیم شاہ نے بھی 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ حسن نواز نے ناقابلِ شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں ایک زوردار چھکا اور جیت کا فیصلہ کن چوکا شامل تھا۔ کپتان محمد رضوان نے بھی 53 رنز کا اہم حصہ ڈالا۔ پاکستان نے 48.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر ہدف پورا کر کے تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔