باجوڑ: عوام کے محبوب کرکٹر شاہد آفریدی کے دورۂ باجوڑ پر عوام کی بڑی تعداد اپنے ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے امڈ آئی۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود آفریدی کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان کی آمد پر ہر چہرہ خوشی سے دمک اٹھا۔
شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج میں قائم متاثرین کیمپ کا دورہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کے لیے 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا، جس پر متاثرہ خاندانوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
وکیشنل سینٹر اور بچوں کے لیے تحائف
قومی کرکٹر نے باجوڑ کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ایک وکیشنل سینٹر قائم کرنے کا وعدہ کیا تاکہ وہ ہنر سیکھ کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکیں۔ انہوں نے متاثرہ بچوں اور بچیوں میں اسکول بیگز، کتابیں اور کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا تاکہ وہ تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔
تعلیمی شعبے میں تعاون
شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج باجوڑ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ کا افتتاح بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن متاثرین آپریشن کی مدد جاری رکھے گی۔
نوجوانوں کے لیے کرکٹ کے مواقع
آفریدی نے کہا کہ باجوڑ کی سرزمین خوبصورت اور عوام باصلاحیت ہیں، یہاں کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں کو ملک کی بہترین اکیڈمیوں میں داخل کروانے کے لیے اپنی ذاتی کوششیں کریں گے۔
دورے کے اختتام پر شاہد آفریدی نے بچوں کے ساتھ سیلفیاں لیں اور ان میں مزید کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا۔