سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت پانچواں سیشن

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت عدالتی اصلاحات پر مبنی پانچواں سیشن منعقد ہوا، جس میں سپریم کورٹ میں جاری اصلاحاتی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کی سطح پر طے کردہ 89 میں سے 26 اصلاحاتی اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 44 اقدامات پر پیش رفت جاری ہے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مقدمات کی درجہ بندی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس سے قبل زیر التواء امور کو مکمل کیا جائے۔
چیف جسٹس نے اپنے بیان میں کہا:
“انصاف کی بروقت فراہمی عدلیہ کی نہ صرف آئینی بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔”
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں جاری اصلاحاتی عمل کا مقصد عدالتی نظام کو مؤثر، شفاف اور تیز تر بنانا ہے، تاکہ عوام کو جلد اور منصفانہ انصاف مہیا کیا جا سکے۔