ٹیکنالوجی July 27, 2025 Shahbaz Sayed

سپارکو کا نیا سیٹلائٹ لانچ، زراعت، ماحولیاتی نگرانی اور آفات سے نمٹنے میں معاون

سپارکو نے ایک نیا سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کر لیا ہے، جو ملک میں زراعت، قدرتی آفات کی پیشگی وارننگ، اور شہری منصوبہ بندی جیسے اہم شعبوں میں مدد فراہم کرے گا۔

ترجمان سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ فصلوں کی نگرانی، زرعی ڈیٹا کی درست فراہمی، اور شہری ترقیاتی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ساتھ ہی ساتھ یہ نظام سیلاب، زلزلے اور زمینی کھسکاؤ جیسی قدرتی آفات کی پیشگی وارننگ میں بھی مؤثر ثابت ہوگا۔

سیٹلائٹ کے ذریعے گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور جنگلات کی کٹائی جیسے ماحولیاتی خطرات پر بھی مسلسل نظر رکھی جا سکے گی۔ ترجمان کے مطابق یہ جدید سیٹلائٹ سی پیک سمیت دیگر قومی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں بھی سپارکو کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائے گا۔

نئے سیٹلائٹ کی شمولیت پاکستان کے ریموٹ سینسنگ بیڑے — خصوصاً PRSS-1 اور EO-1 — کو مزید مستحکم بنائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ لانچنگ نہ صرف سپارکو کے ویژن 2047 کا حصہ ہے، بلکہ قومی خلائی پالیسی کے عملی نفاذ کی ایک اہم مثال بھی ہے۔