طبی ماہرین کے مطابق ماں کے دودھ میں موجود قدرتی ہارمونز بچے کی نیند کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، خاص طور پر رات کے وقت پلایا گیا دودھ بچے کو زیادہ سکون اور آرام فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ماں کے دودھ میں میلاٹونن (Melatonin) موجود ہوتا ہے، جو رات کے وقت قدرتی طور پر زیادہ پیدا ہوتا ہے۔ یہ ہارمون بچے کو سکون دیتا ہے اور نیند کو گہرا اور پُرسکون بناتا ہے۔
دودھ میں موجود ٹرپٹوفین (Tryptophan) نامی امینو ایسڈ دماغ میں سیروٹونن بننے میں مدد دیتا ہے، جو بعد میں میلاٹونن میں تبدیل ہو کر بہتر نیند کا باعث بنتا ہے۔
دن کے وقت ماں کے دودھ میں ایسے اجزا زیادہ ہوتے ہیں جو بچے کو بیدار اور فعال رکھتے ہیں، جبکہ رات کے وقت دودھ میں ایسے اجزا بڑھ جاتے ہیں جو نیند اور سکون فراہم کرتے ہیں۔ اس عمل کو ماہرین “کرونونٹریشن (Chrononutrition)” کہتے ہیں، یعنی وقت کے مطابق دودھ کی ساخت میں تبدیلی۔
ماں کا دودھ آسانی سے ہضم ہوتا ہے، اس لیے بچے رات میں زیادہ بار جاگ سکتے ہیں، مگر ان کی نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے، وہ پرسکون رہتے ہیں اور کم روتے ہیں۔
مزید برآں، دودھ پلانے کے دوران ماں اور بچے کا جسمانی قربت اور آکسیٹوسن ہارمون کا اخراج بچے کو جذباتی طور پر محفوظ کرتا ہے، جس سے اس کی نیند اور بھی گہری اور سکون بخش ہو جاتی ہے