سیاست July 23, 2025 Shahbaz Sayed

خیبرپختونخوا میں فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح، خوراک کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور

پشاور (اسٹاف رپورٹر) — وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں جدید ترین فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اور صحت مند خوراک کی فراہمی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ “ہم نے دنیا کی بہترین فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کیا ہے جہاں خوراک اور پانی کی اشیاء کی جانچ کے لیے جدید مشینیں نصب کی گئی ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری خوراک انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے اور اب ہر خوراک لیبارٹری سے ٹیسٹ شدہ ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس لیبارٹری سے نہ صرف عام عوام بلکہ لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر شعبے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ “حتیٰ کہ جانوروں کی خوراک بھی یہاں ٹیسٹ ہوگی، اور تحقیقاتی عمل بھی ساتھ ساتھ جاری رہے گا”، وزیر اعلیٰ نے وضاحت کی۔


■ آل پارٹیز کانفرنس، سیکیورٹی اور سینیٹ الیکشن پر مؤقف

سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں صوبے کے حالات اور ترقی کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ “صوبے کی ترقی صرف ایک جماعت کی نہیں، سب کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں ہر معاملے میں سیاست سے گریز کرنا چاہیے،” انہوں نے زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت عوامی مشاورت اور جرگوں کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سیکیورٹی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ “کاپٹر ڈرون کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، جس کے سدباب کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔”


■ سینیٹ انتخابات: بانی چیئرمین کی فہرست ہی حتمی تھی

سینیٹ انتخابات سے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ نے وضاحت دی کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف سے بیرسٹر سیف اور ظہیر ایڈووکیٹ نے ملاقات کی تھی اور انہی کی جانب سے دی گئی فہرست کے مطابق مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور عرفان سلیم کے نام شامل کیے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں بانی چیئرمین نے فہرست اپڈیٹ کرکے نورالحق قادری کا نام آگے لانے اور عرفان سلیم کا نام ڈراپ کرنے کی ہدایت کی، جس پر عمل کیا گیا۔ “بیرسٹر سیف بانی چیئرمین سے متعلق کبھی جھوٹ نہیں بول سکتے، اور جو نام دیے گئے وہی کامیاب ہوئے،” انہوں نے دعویٰ کیا۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات میں مشعال یوسفزئی پارٹی کی امیدوار ہوں گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ عناصر نے غلط فہرستوں پر مبنی خبریں پھیلا کر پارٹی میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی، جس پر بانی چیئرمین نے خود سخت نوٹس لیا ہے۔

“جو لوگ جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں، کیا وہ اب معافی مانگیں گے؟” وزیراعلیٰ نے سوال اٹھایا۔