خیبرپختونخوا اور سندھ میں پولیو کے 3 نئے کیسز، سال 2025 میں تعداد 17 ہو گئی

پولیو وائرس ایک بار پھر تشویش کا باعث بننے لگا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق ملک میں پولیو کے مزید تین کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں دو خیبرپختونخوا سے اور ایک سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نئے کیسز شمالی وزیرستان، لکی مروت اور عمرکوٹ سے سامنے آئے ہیں۔ ان تازہ کیسز کے بعد سال 2025 میں ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 17 ہو چکی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس زیادہ تر کمزور قوتِ مدافعت والے بچوں کو نشانہ بناتا ہے۔ ایسے بچے جو پولیو ویکسین سے محروم رہ جاتے ہیں، نہ صرف خود خطرے میں ہوتے ہیں بلکہ وہ دیگر بچوں کے لیے بھی وائرس کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
ادارے نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر قومی اور مقامی مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، کیونکہ پولیو سے مکمل تحفظ صرف بار بار ویکسین پلوانے سے ہی ممکن ہے۔
مزید برآں، والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیدائش سے 15 ماہ کی عمر تک بچوں کو پولیو سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کا مکمل کورس بروقت مکمل کروائیں۔