سیاست July 28, 2025 Shahbaz Sayed

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا تنازع: ٹرمپ نے تجارتی دباؤ سے مداخلت کا دعویٰ کر دیا

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک پر تجارتی دباؤ ڈال کر مداخلت کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ “امریکا، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے ساتھ بہت زیادہ تجارت کرتا ہے، پھر میں پڑھ رہا ہوں کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو مار رہے ہیں۔” ان کے مطابق، یہ جان کر انہیں محسوس ہوا کہ ان دونوں کے درمیان جنگ بندی کروانا ان کے لیے آسان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ “اس سے قبل میں بھارت اور پاکستان کے تنازع میں بھی تجارتی دباؤ کے ذریعے کردار ادا کر چکا ہوں۔”

سابق صدر کے مطابق، انہوں نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے وزرائے اعظم کو فون کرکے دو ٹوک انداز میں کہا کہ جب تک آپس میں جنگ ختم نہیں کرتے، کوئی تجارتی معاہدہ نہیں ہوگا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ “جب میں نے فون بند کیا، تو میرے خیال میں وہ مسئلہ سلجھانے کے لیے تیار ہوگئے تھے۔”

واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا، جو بعد ازاں شہری علاقوں تک پھیل گیا۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک دو درجن سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔