دنیا July 18, 2025 Shahbaz Sayed

ترک صدر کی شامی صدر سے گفتگو، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے شام کے صدر احمد الشرع سے ٹیلیفونک رابطے میں شام کے شہر سویدا میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا اور اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اس گفتگو کے دوران ترک صدر کا کہنا تھا کہ “شام کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔” ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے شام میں اپنی جارحیت کو بڑھانے کے لیے دروز قبائل کی حمایت کا بہانہ بنایا، جو ایک خطرناک چال ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل ایک “دہشت گرد ریاست” بن چکا ہے، اور اس کی کارروائیاں پورے مشرقِ وسطیٰ کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں۔

رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ اسرائیلی اقدامات اب پورے خطے کے لیے سب سے بڑا مسئلہ بنتے جا رہے ہیں، اور جو لوگ آج بھی اسرائیل پر بھروسہ کر رہے ہیں، وہ جلد ہی اس بات کو سمجھ لیں گے کہ وہ ایک بڑی غلطی کر رہے ہیں۔

اس تناظر میں یہ بھی یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج شام کی بدلتی صورتحال پر طلب کیا گیا ہے۔ خاص طور پر شام کے علاقے سویدا میں حالیہ قبائلی جھڑپوں کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس پر عالمی برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔