پاکستان، چین اور افغانستان میں سہ فریقی تعاون پر اتفاق، اسحاق ڈار کل بنگلادیش روانہ ہوں گے

پاکستان، چین اور افغانستان میں سہ فریقی تعاون پر اتفاق، اسحاق ڈار کل بنگلادیش روانہ ہوں گے - اردو خبریں

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران دفترِ خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل بنگلادیش کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ممکن ہوگا۔

ترجمان نے بتایا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کا دو روزہ دورہ پاکستان کامیابی سے مکمل ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اسلام آباد میں چھٹا پاک–چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ بھی منعقد ہوا، جس میں سی پیک فیز ٹو، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر افغانستان، مشرقِ وسطیٰ اور دہشت گردی کے موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ترجمان کے مطابق، پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس کابل میں ہوا، جس میں سیاسی، اقتصادی اور سلامتی تعاون پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سی پیک کو افغانستان تک وسعت دینے، سرحدی سلامتی، دہشت گردی کی روک تھام، منشیات کے خلاف اقدامات اور منظم جرائم پر بھی بات چیت ہوئی۔

پاکستان نے افغان عوام کی فلاح اور امن عمل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ چین نے افغانستان کی تعمیرِ نو اور ترقی میں کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا۔ افغان وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ تعلیم، صحت اور عوامی تعلقات کے فروغ پر بھی تینوں ممالک نے اتفاق کیا۔

شفقت علی خان نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 17 اگست کو برطانیہ کے دورے پر گئے تھے، جہاں انہوں نے برطانوی سیکریٹری برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات کی اور لینڈ ریکارڈ اور پاسپورٹ کی دو نئی خدمات کا افتتاح بھی کیا۔

ترجمان نے آخر میں واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ملاقات کا کوئی شیڈول طے نہیں ہوا۔

مصنف کے بارے میں

Shahbaz Sayed

مزید مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *