کھیل July 28, 2025 Shahbaz Sayed

بین اسٹوکس کا جڈیجا سے منہ موڑنا، کھیل سے بڑی انا؟ سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

یہ سارا معاملہ تب سامنے آیا جب میچ کے آخری دن بھارتی بیٹرز رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر اپنی سنچریوں کے قریب تھے۔ عین اس وقت انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے میچ کو ڈرا کرنے کی پیشکش کی، لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے یہ آفر مسترد کر دی اور بیٹنگ جاری رکھی۔

پھر ہوا یوں کہ ایک ویڈیو وائرل ہوگئی— جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ ختم ہونے کے بعد اسٹوکس نے تمام بھارتی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا، لیکن جیسے ہی جڈیجا قریب آئے، انہوں نے رخ موڑ لیا۔

ویڈیو میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چند جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جو سوشل میڈیا پر خوب زیرِ بحث آیا۔ لوگوں نے اسٹوکس کے رویے پر خاصی ناراضی ظاہر کی۔

پریس کانفرنس میں بین اسٹوکس نے اپنا مؤقف واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ نتیجہ ممکن نہیں رہا تھا، اس لیے انہوں نے اپنے اہم بولرز کو آرام دینے کا فیصلہ کیا۔ اسٹوکس کے الفاظ میں:
“سنچری ہو یا نہ ہو، اصل کامیابی یہ ہے کہ آپ ٹیم کو مشکل سے نکالیں۔”

انہوں نے ہیری بروک جیسے پارٹ ٹائم بولر کو آخری اوورز دینے پر کی جانے والی تنقید کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ اگلے میچ کی تیاری اور کھلاڑیوں کی فٹنس کو مدنظر رکھ کر کیا گیا تھا۔

اس کے برعکس بھارتی کوچ گوتم گمبھیر نے جڈیجا اور سندر کی سنچریوں کو روکنے کی کوشش پر ناراضی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ
“دونوں بیٹرز اپنے تین ہندسوں کے اسکور کے مکمل حقدار تھے، نتیجہ کچھ بھی ہوتا۔”

جڈیجا کے انکار اور اسٹوکس کے رویے نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دیا:
“کیا ذاتی ریکارڈز ٹیم کے اجتماعی فیصلوں پر اثر انداز ہونے چاہئیں؟”

اس وقت انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

  • پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی،

  • دوسرے میں بھارت نے 336 رنز سے فتح حاصل کی،

  • جبکہ تیسرے میں انگلینڈ 22 رنز سے جیتا۔

سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 31 جولائی سے اوول میں کھیلا جائے گا۔