دنیا August 6, 2025 Shahbaz Sayed

“بھارت کی روس نوازی مہنگی پڑ گئی: ٹرمپ کا ٹیرف ہتھوڑا، جرمانے کی دھمکی!”

بھارت کی جانب سے روس سے سستے تیل کی خریداری کا سلسلہ ابھی تھما نہیں تھا کہ امریکہ نے ایک اور سخت قدم اٹھا لیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف (ٹیکس) لگا دیا ہے، جس کے بعد مجموعی امریکی ٹیرف کی شرح اب 50 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق یہ نیا فیصلہ 27 اگست سے نافذ العمل ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ بھارت نہ صرف روس سے توانائی اور دفاعی سازوسامان خرید رہا ہے بلکہ امریکی کمپنیوں کے لیے تجارتی راستے بھی بند کر رہا ہے، جو کہ امریکی مفادات کے خلاف ہے۔

انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ دنیا میں ان چند ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ تجارتی ٹیرف لگاتے ہیں، اور اب اسے اس رویے کی قیمت چکانی پڑے گی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت کی روس سے قربت عالمی پابندیوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور اس پر صرف ٹیرف ہی نہیں بلکہ اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ صرف ایک دن پہلے ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر بھارت باز نہ آیا تو 24 گھنٹوں میں مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے — اور وہ وعدہ اب حقیقت بن چکا ہے۔