سیاست July 21, 2025 Shahbaz Sayed

بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے، مریم نواز

لاہور — مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے بلوچستان میں غیرت کے نام پر بیٹی کے قتل پر شدید ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے واقعے کو انسانیت کے ضمیر پر حملہ قرار دیا۔

مریم نواز نے لکھا کہ “بلوچستان میں غیرت کے نام پر ایک بیٹی کا قتل پوری انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے۔ لرزہ خیز واقعے نے ہر حساس دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ ظلم ناقابلِ معافی ہے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی قانون سے بالاتر کوئی رسم، روایت یا سوچ قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے تاکہ انصاف کی بالادستی قائم ہو اور ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔